مجمع سے خطاب کے دوران فلپائنی صدرپر کاکروچ چڑھ گیا
فلپائنی صدرروڈو ریگودوتیرتے کےساتھ حال ہی میں ایک مجمع عام میں خطاب کے دوران ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جب ایک لال بیگ صدر دوتیرتے کے سینے پر چڑھ گیا۔ صدر دو تیرتے نے لال بیگ کی پرواہ کیے بغیر اطمینان کے ساتھ اپنی تقریر جاری رکھی۔ میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فلپائنی صدر ملک کے وسطی صوبے 'بوھول' میں ایک جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ لال بیگ ان کےجسم پر گھومتا رہا۔ اس دوران خاتون ملازمہ نے وہ لال بیگ نیچے گرایا۔ اس پر صدر دوتیرتے نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے کہ لال بیگ بھی اپوزیشن جماعت لبرل پارٹی کا نمائندہ ہے اور اسی کی طرف سے بھیجا گیا ہے۔ اس پر جلسے میں موجود تمام شرکاء بھی ہنس دیے۔ ویڈیو فوٹیج میں لال بیگ کو پہلے صدر دوتیرتے کےبائیں کندھے پر دیکھا گیا۔ اس کےبعد وہ چلتا ہوا ان کے سینے اور اس کے بعد شرٹ کے نچلے حصے کی طرف آیا جہاںان کی ایک معاون نے اسے گرا دیا۔