اہم اجلاس: وزیراعظم وفد کے ہمراہ لندن روانہ
وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ لندن روانہ ہوگئے۔ مسلم لیگ (ن) کے کئی اہم رہنما بھی وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ وفاقی وزرا احسن اقبال، مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف اور خرم دستگیر بھی لندن روانہ ہوئے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو پارٹی رہنماؤں سے بعض معاملات پر مشاورت کرنی ہے، (ن) لیگ بڑا فیصلہ کرنے جارہی ہے۔ملاقات میں آئندہ الیکشن، پنجاب کابینہ اور پاور شیئرنگ سے متعلق اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر لائحہ عمل سے متعلق بھی نواز شریف اور اسحاق ڈار سے مشاورت ہوگی۔واضح رہے کہ لندن میں میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا تھا کہ عمران خان سے آئندہ الیکشن میں مکمل جان چھوٹ جائے گی۔نواز شریف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمارا قومی کلچر ہی بگاڑ دیا، پاکستان میں70 سال میں پہلی بار ایسا کلچر دیکھ رہے ہیں۔