سیکرٹری پنجاب اسمبلی کی عبوری ضمانت 25 مئی تک منظور

لاہور کی سیشن عدالت میں پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر پر حملہ کرنے، توڑ پھوڑ اور لڑائی جھگڑے کے کیس میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور عنایت اللہ کی عبوری ضمانت 25 مئی تک منظور کر لی گئی۔ایڈیشنل سیشن جج یسین موہل نے عبوری ضمانتوں پر سماعت کی، پولیس کی جانب سے تفتیش نا مکمل ہونے پر کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی۔ ملزمان نے اپنے وکیل افسر رضا خان اور عامر سعید راں کی وساطت سے درخواست دائر کی۔ پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ( ق) کے 9 اہم رہنما پہلے ہی عبوری ضمانت پر ہیں۔وکلاء کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ہم پر جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے، ڈر ہے کہ پولیس گرفتار کر لے گی، ہمارا استحقاق مجروح ہوا ہے، عدالت عبوری ضمانت منظور کرنے کا حکم دے، عدالت نے سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور عنایت اللہ کی عبوری ضمانت 25 مئی تک منظور کر لی ۔واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں جھگڑا کرنے کا مقدمہ تھانہ قلعہ گجر سنگھ پولیس نے 604/22 درج کر رکھا ہے۔