عمران خان کی نا اہلی کے باعث پاکستان وینٹی لیٹر پر ہے: مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سجھتے تھے کہ پاکستان آئی سی یو میں ہے مگر اب حکومت میں آنے کے بعد پتا چلا کہ پاکستان نہ صرف آئی سی یو میں ہے بلکہ وینٹی لیٹر پر اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے۔خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کے 'چھوٹا لاہور' گراؤنڈ میں پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں صوابی والوں کو نوازشریف، شہبازشریف کا سلام پیش کرتی ہوں، میں صوابی کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ آپ نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا، آپ نے ریاستی مشینری کا مقابلہ کیا اور مسلم لیگ (ن) کو فتح دلائی۔ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کی جان ان جھوٹوں سے چھوٹی، اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کو جادو، ٹونے کے اڈے کی طرح چلانے والوں سے پاکستان کی جان چھوٹی، اللہ کا شکر ہے کہ فتنہ بازوں، نا اہلوں اور قومی مجرموں سے قوم کی جان چھوٹی، شکر کہ پاکستان کے عوام پر مہنگائی کا قہر بن کر ٹوٹنے والوں سے جان چھوٹی۔