مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی حدبندی پر وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا اقوام متحدہ کو خط

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور سیکریٹری جنرل کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کی گئی غیر قانونی حد بندی کی طرف توجہ دلانے کے لیے خط لکھا، جس میں خطے میں مسلمانوں کی آبادی کم کرنے کے بھارتی عزائم سے آگاہ کیا۔سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو ایک جامع خط میں انہیں خاص طور پر بھارت کی مذموم چال سے آگاہ کیا ہے۔وزیر خارجہ نے زور دیا کہ یہ غیر قانونی اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر اور جموں اور کشمیر کے تنازع پر سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں سمیت بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی اور غیر قانونی ہیں۔ ترجمان وزارت خاجہ کے مطابق انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی سنگین، منظم اور وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کیا اور کشمیر میں مسلمانوں کی آبادی کو مزید تقسیم کرنے کی جاری بھارتی کوششوں پر خصوصی توجہ مبذول کروائی۔