چوہدری پرویز الٰہی کی عبوری ضمانت خارج

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چو ہدری پرویز الٰہی کی عبوری ضمانت خارج کردی۔انسداد دہشت گردی عدالت نے چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران پولیس اہلکاروں پر پٹرول بم پھینکنے کے معاملہ پر قائم دہشت گردی کے مقدمے میں درخواست عدم پیروی پر خارج کی ہے ۔چوہدری پرویز الٰہی کے وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی تھی تاہم عدالت نے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی ، جج اعجاز احمد بٹر نے کہا کہ عبوری ضمانت کے لئے درخواست گزار کا عدالت میں پیش ہونا لازم ہے۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی کیخلاف تھانہ غالب مارکیٹ میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔دوسری جانب لاہورہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی حفاظتی ضمانت منظور کر رکھی تھی۔