پاکستانی طلبہ وکاروباری شخصیات کو ویزوں کے اجراءمیں تیزی لائی جائےگی

کینیڈین وزیر برائے امیگریشن اینڈ سیٹزن شپ احمد حسین نے یقین دہانی کروائی ہے کہ پاکستانی طلبہ اور کاروباری شخصیات کو ویزوں کے اجراء کی کاروائی تیزی سے مکمل کی جائیگی تاکہ انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے یہ یقین دہانی کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر طارق عظیم خان کو کرائی جنہوں نے پاکستان ہاﺅس اوٹاوا میں ان کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔ ہائی کمشنر طارق عظیم نے کینیڈین وزیر کو پاکستانی طلبہ اور کاروباری شخصیات کو ویزوں کے اجراءکے عمل میں درپیش مشکلات کے بارے میں بریف کیا ۔ انہوں نے کہا کہ طویل اور سخت ترین عمل کے باعث ہونے والی تاخیر سے پاکستان سے تعلیم کیلئے آنے والے طلبہ کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے ۔انہوں نے وزیر کو بتایا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات میں بھی مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے ۔ اس کے علاوہ حقیقی تاجروں کو بلا تاخیر اور کسی رکاوٹ کے بغیر ویزے جاری کئے جائیں تاکہ وہ کاروبار کے سلسلہ میں کینیڈین تاجر وں اور اہم منبدوبین سے ملاقاتیں کر سکیں ۔ اس طرح دونوں ممالک کے مابین ہونے والی تجارت کے حجم میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے ۔ انہں نے وزیر سے اپیل کی کہ پاکستانی طلبہ اور تاجروں کو ویزوں کے اجراءمیں پیش آنے والی مشکلات ختم کی جائیں۔ جس پر کینیڈین وزیر برائے امیگریشن نے کہا کہ پالیسی کے طور پر حکومت ویزوں کے اجراءمیں درپیش مشکلات اور رکاوٹوں میں کمی کیلئے کام کر رہی ہے اور ویزہ کی درخواستوں پر کارروائی کا عمل تیز کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے ہائی کمشنر کو یقین دلایا کہ وہ اپنے آئندہ دورے کے دوران پاکستان کے ویزہ درخواست دہندگان کی شکایات کا خود جائزہ لیں گئے۔ انہوں نے پاکستانی ہائی کمشنر کو بتایا کہ فیملی ری یونین کے کیسوں پر کارروائی میں تیزی لانے کے سلسلے میں پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کینیڈا کی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم پاکستانی طلباءو طالبات کی بھرپور معاونت کی یقین دہانی بھی کروائی ۔