تعلیم میں جدت سے ترقی کی نئی راہیں کھل رہی ہیں،صدر
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے نیا پاکستان بنانے کے لئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا ہے جہاں غریب افراد کو تعلیم اور صحت سمیت تمام بنیادی سہولتیں فراہم ہوں۔ اسلام آباد میں اساتذہ کی صلاحیتیں بڑھانے کے لئے گیارہویں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کا خواب غریبوں کی بہتری کے بغیر شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ دو کروڑ بچے سکول نہیں جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھروں میں بچوں سے مشقت لینا جرم ہے اور گھروں میں کام کرنے والوں کو سکولوں میں ہونا چاہئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حقیقی تبدیلی آئندہ چند سال میں نظر آئے گی۔ استاد کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ یہ استاد ہی ہے جو طلباء کو علوم سکھانے کے علاوہ ان کی زندگی میں بنیادی تبدیلی لاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم میں جدت سے ترقی کی نئی راہیں کھل رہی ہیں۔