کراچی:ایمپریس مارکیٹ میں تجاوزات کیخلاف آپریشن ،دکانیں اور پتھارے مسمار
شہر قائد میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن کے ساتویں روز صدر ایمپریس مارکیٹ کے اطراف غیرقانونی تعمیرات گرانے کا سلسلہ جاری رہا ،متعدد دکانیں، پتھارے اور فٹ پاتھ مسمار کر دیئے گئے،کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس کی ڈنڈا بردار فورس اور رینجرز بھی موجود رہیں، آپریشن کیلئے ایمپریس مارکیٹ کے سامنے سڑک ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی اور متبادل روٹ کوریڈور 3 کی بجائے ریمبو سنٹر کی جانب موڑ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد تجاوزات کی جانب سے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن میں بھاری مشینری کی مدد سے غیر قانونی طور پر قائم تعمیرات کو گرایا گیا ،متعدد دکانیں، پتھارے اور فٹ پاتھ مسمار کر دیئے گئے، آپریشن کے دوران پرندہ مارکیٹ ، کپڑوں کی مارکیٹ ، چائے پتی اور خشک میوہ جات کی مارکیٹ بھی گرائی گئیں، آپریشن کیلئے ایمپریس مارکیٹ کے سامنے سڑک ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی اور متبادل روٹ کوریڈور 3 کی بجائے ریمبو سنٹر کی جانب موڑ دیا گیا ۔سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر احمد صدیقی کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چند گھنٹوں میں ایمپریس مارکیٹ کے ارد گرد تجاوزات کا خاتمہ کردیا جائے گا اور 15 روز میں اِسے اصل شکل میں بحال کردیں گے۔بشیر صدیقی نے کہا کہ آج 1043 غیر قانونی دکانیں گرائی جائیں گی اور آپریشن کے بعد کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن(کے ایم سی)اور پولیس صدر میں جگہ جگہ کیمپ لگائے گی۔ڈائریکٹر انسداد تجاوزات نے کہا کہ صدر میں تجاوزات کو روکنے کے لئے ٹاسک فورس بنائی گئی ہے جو کے ایم سی، اینٹی انکروچمنٹ اور پولیس پر مشتمل ہوگی۔