دورۂ نیوزی لینڈ کیلئے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان کے 35 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ ذیشان ملک، دانش عزیز، عمران بٹ اور عماد بٹ کو دورہ نیوزی لینڈ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عثمان قادر اور عبداللہ شفیق بھی اسکواڈ میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ 35 رکنی حتمی قومی اسکواڈ کا اعلان 12 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کرکٹ کو بھجوائے گئے 45 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں میں سے کیا گیا ہے۔ اسکواڈ میں شامل کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز دونوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔ قومی اسکواڈ 23 نومبر کو لنکن روانہ ہوگا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 3 ٹی ٹونٹی اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 18 دسمبر سے 7 جنوری تک جاری رہے گی۔ اس دوران پاکستان شاہینز کو 2 چار روزہ اور 4 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے ہیں۔ پاکستان شاہینز کےدورہ نیوزی لینڈ کی مکمل تفصیلات نیوزی لینڈ کرکٹ جلد جاری کردے گا۔