’نواز شریف اسے آرمی چیف بنانا چاہتا ہے جو اس کی چوری بچانے میں مدد کرے‘: عمران خان

گجرات: پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف مفرور نواز شریف کیساتھ مل کر آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ کرنے جا رہے ہیں۔ لندن میں تماشہ ادارے مضبوط کرنے کے لیے نہیں ہو رہا۔ نواز شریف اسے آرمی چیف بنائے گا جو اس کی چوری بچانے میں مدد کرے۔ گجرات اور کمالیہ میں لانگ مارچ کے شرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ 70 سالہ زندگی میں پوری دنیا گھوما ہوں، پاکستان کے حالات کیوں ایسے ہیں کہ دنیا سے مانگ کر وقت گزارتے ہیں، وزیراعظم اس شخص سے لندن میں ملتا ہے جو جھوٹ بول کر فرار ہو گیا تھا، یہ وہی نواز شریف ہے جو مشرف سے معاہدہ کر کے بیرون ملک گیا تھا، یہ وہی نواز ہے جو جھوٹ بولتا رہا معاہدہ نہیں ہوا کیا پھر معاہدہ سامنے آیا، شہباز شریف اپنے مفرور بھائی سے لندن میں ملتا ہے جو سزا یافتہ ہے، شہباز شریف خود وہع شخص ہے جس پر فرد جرم عائد ہونے جا رہی تھی، اس شخص کو پاکستان کو وزیراعظم بنا کر اداروں کے اوپر بٹھا دیا گیا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہباز شریف لندن میں جا کر مفرور بھائی سے پاکستان کے فیصلے کرے گا، شہباز مفرور نواز شریف سے اہم عہدے کے سربراہ کی تعیناتی پر بات کرے گا، یہ آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ کرنے جا رہے ہیں۔ لندن میں تماشا ادارے مضبوط کرنے کے لیے نہیں ہو رہا، انہوں نے میرٹ پر کچھ نہیں کیا۔ نواز شریف اسے آرمی چیف بنائے گا جو اس کی مدد کرے گا۔ کیا یہ آرمی چیف میرٹ پر تعینات کریں گے، جو میرٹ پر ہو اسے آرمی چیف بننا چاہیے۔