کراچی میں بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی ہونے کا امکان

کراچی میں بلدیاتی الیکشن ایک بار پھر ملتوی ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے کیونکہ سندھ کابینہ نے مزید 90 روز کی تاخیر سے الیکشن کرانے کی تجویز منظور کرلی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 18 اکتوبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حکومت سندھ کی تیسری درخواست پر 23 اکتوبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست پر کراچی میں بلدیاتی انتخابات تیسری مرتبہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اب ایک بار پھر کراچی اور میں بلدیاتی الیکشن ملتوی ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں کیونکہ سندھ کابینہ نے مزید 90 روز کی تاخیر سے الیکشن کرانے کی تجویز منظور کرلی ہے۔صوبائی کابینہ نے بلدیاتی ایکٹ 2013 کے اختیارات کے تحت سرکولیشن کے ذریعے 90 روز کی تاخیر کی تجویز کی منظوری دی اور سندھ حکومت نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو خط بھی لکھ دیا ہے۔یاد رہے کہ کراچی میں اکتوبر میں بلدیاتی انتخابات تیسری مرتبہ ملتوی کیے گئے تھے۔سندھ حکومت کی جانب سے دائر کردہ تیسری درخواست میں الیکشن کمیشن کو مطلع کیا گیا تھا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے تقریباً 5 ہزار پولنگ اسٹیشنز کے لیے 16 ہزار 786 پولیس اہلکاروں کی کمی ہے۔