ملک کے بیشتر شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق ہوگیا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال اور محرم الحرام کے دوران انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ نے محرم الحرام کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موبائل فون سروس کی معطلی کے حوالہ سے صوبائی حکومتوں کی جانب سے موصول شدہ درخواستوں کا بھی جائزہ لیا۔ موبائل سروس کی معطلی کے حوالے سے مختلف صوبائی حکومتوں کی طرف سے جن میں پنجاب کے سولہ شہروں، خیبر پختونخوا کے بارہ ، بلوچستان میں کوئٹہ، مچھ، ضلع جعفرآباد اور جھل مگسی، آزاد کشمیر کے بارہ شہروں، گلگت بلتستان، کرم ایجنسی اور وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کی طرف سے وزارت داخلہ کو درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ موبائل فون سروس کی معطلی کے نتیجہ میں عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر داخلہ نے یہ فیصلہ کیا کہ موبائل سروس کم سے کم عرصہ کےلئے معطل کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران موبائل فون سروس معطلی کے اوقات کا حتمی تعین نہ ہوسکا۔ دوسری جانب سندھ کے بڑے شہروں کراچی، حیدر آباد اور سکھر میں نو اور دس محرم الحرام کے دوران ڈبل سواری پر پابندی عائد کا اطلاق ہوگیا۔ لاہور میں بھی ڈبل سواری پر دو روز کے لئے پابندی کا اطلاق ہوگیا۔ اسی طرح اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی یوم عاشورہ پر ڈبل سواری پر پابندی ہوگی جبکہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی نو اور دس محرم الحرام کے دوران ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق ہوگیا۔ پشاور اور کوہاٹ سمیت خیبرپختونخوا کے شہروں میں بھی ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق ہوگیا۔