30 اکتوبر کا احتجاج: طاہر القادری نے دھرنے میں شرکت اور حمایت سےانکارکردیا ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا مشن لندن ناکام ہو گیا۔ شیخ رشید تیس اکتوبر احتجاج کے لیے طاہر القادری کی حمایت حاصل کرنے کے مشن پر لندن گئے تھے۔ تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین اور چودھری سرور بھی ان کی معاونت کے لیے برطانیہ گئے تاہم طاہر القادری نے حمایت تو درکنار ملاقات کرنے سے بھی انکار کر دیا اور کینیڈا چلے گئے۔ ذرائع کے مطابق طاہر القادری اپنے بارے میں عمران خان کے ریمارکس پر سخت ناراض ہیں اور کسی صورت رعایت دینے کو تیار نہیں۔ جبکہ وہ اپنی تحریک اپنے مزاج کے مطابق چلانا چاہتے ہیں اور پی ٹی آئی کی تحریک کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔ تحریک انصاف عوامی تحریک کی حمایت حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد تیس اکتوبر کا احتجاج بھی تن تنہا کرے گی کیونکہ دیگر اپوزیشن جماعتیں پہلے ہی تحریک انصاف کے احتجاج میں شرکت سے انکار کر چکی ہیں۔