اقتصادی نظام کومستحکم بنیادوں پر چلانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ اقتصادی نظام کومستحکم بنیادوں پر چلانا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکیں، سرمایہ کاروں کااعتماد بحال کیاجاسکے اور مقامی صنعت کوفروغ دیاجاسکے۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار اسلام آباد میں حکومت کی اقتصادی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے فروغ، بیمار صنعتی یونٹوں کی بحالی اور تعمیراتی شعبے کے لئے مراعات کی فراہمی سے متعلق امور زیرغور آئے۔ بیمارصنعتی یونٹوں کی بحالی کے حوالے سے وزیراعظم کو بتایاگیا کہ چھ سوستاسی صنعتی یونٹوں کو بعض ضروری اقدامات کے ذریعے فوری طورپربحال کیاجاسکتاہے۔ اجلاس میں بتایاگیا کہ سرمایہ کاروں اورنجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے ہی ایسے صنعتی یونٹوں کی بحالی ممکن ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جامع منصوبہ بندی کے تحت بیمارصنعتی یونٹوں کی بحالی کے لئے قانون سازی اور انتظامی اصلاحات کاعمل ساٹھ روز کے اندرمکمل کیاجائے۔