وائٹ ہاؤس میں کرونا وائرس پھیلنے کی وجہ سامنے آگئی
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت وائٹ ہاؤس کے متعدد افراد کرونا وائرس کا شکار کیسے ہوئے؟ امریکی ماہر وبائی امراض ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے وائٹ ہاؤس میں کرونا وائرس پھیلنے کی وجہ بتا دی۔ بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی کرونا وائرس ٹاسک فورس کے رکن اور امریکی ماہر وبائی امراض ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے 26 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں ہونے والی تقریب کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ والی سپر سپریڈر تقریب قرار دے دیا۔ ڈاکٹر فاؤچی نے ٹرمپ انتظامیہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے جج نامزد کرنے والی تقریب کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ بننے والی تقریب قرار دیا ہے۔ 26 ستمبر کی تقریب میں شرکت کرنے والے امریکی صدر ٹرمپ سمیت 11 افراد کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آچکا ہے۔