مقبوضہ کشمیر میں صورتحال بدتدریج بگڑتی جارہی ہے، ملیحہ لودھی
واشنگٹن: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریز سے ملاقات میں کہا ہے کہ کشمیر میں صورتحال بدتدریج بگڑتی جارہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریز سے ملاقات کی اور ان کے سامنے کشمیر کا مسئلہ اٹھایا۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال بدتدریج بگڑتی جارہی ہے، 5 اگست کے غیر قانونی بھارتی اقدامات نے کشمیر میں متعدد بحرانوں کو جنم دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے خطے میں امن کو سنگین خطرہ لاحق کردیا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں کی ہیں، کشمیر میں ایک بڑے انسانی المیہ کے پیدا ہونے کا شدید خدشہ ہے۔ ملیحہ لودھی نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو اپنے’تنازعات سے بچاؤ کی سفارتکاری‘کے ایجنڈے کو کشمیر پر بھی لاگو کرنا چاہیے، اقوام متحدہ کو قانون، انصاف اور انسانی حقوق کا بالادستی کے لیے آواز اٹھانی ہوگی، کشمیر میں جاری ظلم پر پاکستان کبھی خاموش نہیں رہےگا۔