جمال خاشقجی قتل: ترک اخبار نے آڈیو ریکارڈنگ کی نئی تفصیلات جاری کر دیں۔
ترکی کے ایک اخبار نے سعودی صحافی جمال خاشقجی سے متعلق ایک ریکارڈنگ کی نئی تفصیلات جاری کی ہیں۔بی بی سی کے مطابق ترک اخبار صبحا کے مطابق یہ تفصیلات ایک ایسی ریکارڈنگ سے لی گئی ہیں جن کو سعودی قونصلیٹ کے اندر ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کو بعد میں ترک انٹییلیجنس نے حاصل کیا۔ترک اخبار کی اس نئی رپورٹ میں مبینہ طور پر جمال خاشقجی کے آخری الفاظ سے متعلق معلومات شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق سعودی قونصلیٹ میں داخل ہونے کے بعد جمال خاشقجی کو بتایا گیا کہ انٹرپول کے حکم کے مطابق انھیں ریاض واپس جانا ہو گا۔خاشقجی نے مبینہ طور پر اس گروپ کے احکامات ماننے سے انکار کیا جس پر انھیں کوئی نشہ آور چیز دی گئی۔اخبار کی رپورٹ کے مطابق خاشقجی کے سر پر تھیلا ڈالا گیا جن سے ان کا دم گھٹ گیا، اس ریکارڈنگ میں مبینہ طور پر ہاتھا پائی کی آوازیں بھی موجود ہیں۔واضح رہے کہ صحافی جمال خاشقجی کو گذشتہ برس اکتوبر میں ترکی کے دارلحکومت استنبول میں سعودی قونصلیٹ میں قتل کیا گیا تھا۔