صلاح الدین کے ورثاء کا پوسٹمارٹم رپورٹ ماننے سے انکار

رحیم یار خان میں پولیس حراست میں جاں بحق ہونے والے صلاح الدین کے ورثاء نے پوسٹمارٹم رپورٹ ماننے سے انکار کرتے ہوئے صلاح الدین کی دوبارہ قبر کشائی اور پوسٹمارٹم کروانے کے لئے جوڈیشل مجسٹریٹ رحیم یار خان کو درخواست جمع کروا دی ہے۔ صلاح الدین کے والد محمد افضال نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں دی گئی درخواست میںحکومت ، ایم ایس شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان اور پولیس کو فریق بنایا ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ انہیں بتائے بغیر صلاح الدین کا پوسٹمارٹم کروایا گیا حالانکہ صلاح الدین کے بازو پر اس کا نام پتہ اور فون نمبر لکھا ہوا تھا۔ پوسٹمارٹم کی کاپی بھی انہیں فراہم نہیں کی گئی تھی۔ پولیس حکام نے زبانی یقین دہانی کروائی تھی کہ صلاح الدین کے جسم پر تشدد کے نشانات نہیں ہیں ، اپنے گائوں گورالی میں جاکر نعش کو غسل دیتے وقت دیکھا تو صلاح الدین کے نازک اعضاء اور جسم کے دوسرے حصوں پرتشدد کے واضح نشانات موجودتھے جن کی تصاویر بھی ان کے پاس موجود ہیں۔ صلاح الدین کے والد نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ صلاح الدین کی قبر کشائی کروا کر صوبائی میڈیکل بورڈ سے دوبارہ پوسٹمارٹم کروانے کا حکم دیا جائے۔