خاتون سے زیادتی کرنیوالوں کو نشانِ عبرت بنا دینگے: گورنر پنجاب
پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور کہتے ہیں کہ موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کرنے والوں کو نشانِ عبرت بنا دیں گے۔ لاہور میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے تحریکِ انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود اور وفود نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ خاتون سے زیادتی کرنے والے درندے بھی دہشت گرد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سمیت تمام حکومتی ادارے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کام کر رہے ہیں، قوم کی ہر بیٹی کا تحفظ حکومت کی ذمے داری ہے جو پوری کریں گے۔ چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ مخالفین اے پی سیز کرتے رہیں گے اور حکومت آئینی مدت پوری کر لے گی، عوام کی طاقت حکومت کے ساتھ ہے، 2023ء سے ہم کہیں جانے والے نہیں۔