وزیراعظم کا افغان دھڑوں کے درمیان مذاکرات کےآغاز کےاعلان کا خیرمقدم
وزیراعظم عمران خان نے کل سے افغان دھڑوں کے درمیان مذاکرات کے آغاز کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ ہماری مشترکہ کوششوں سے بالآخر وہ دن آگیا ہے جس کا افغان عوام عرصے سے انتظار کررہے تھے۔عمران خان نے کہا کہ افغان باشندوں نے چالیس سال سے زائد عرصے سے مسلسل تنازعے اور خونریزی کی وجہ سے بہت نقصان اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے واقعات' قیمتی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر معاشی نقصانات برداشت کئے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ طویل عرصے سے کہتے رہے ہیں کہ افغان تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور مذاکرات کے ذریعے ہی تنازعے کے سیاسی حل کی طرف بڑھا جاسکتاہے۔