بھنگ کا درست استعمال کارکردگی میں اضافہ کرتا ہے: امریکی طبی تحقیق
امریکا میں ہونے والی ایک طبی اور دلچسپ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بھنگ، حشیش اور گانجا استعمال کرنے سے کارکردگی میں واقعی اضافہ ہوتا ہے، بشرطیکہ اسے درست وقت پر استعمال کیا جائے۔واضح رہے کہ کینیڈا اور کئی امریکی ریاستوں کے علاوہ کچھ یورپی ممالک میں بھی 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے حشیش/ بھنگ کے استعمال کی قانونی اجازت ہے۔ دیگر نشیوں کے برعکس، بھنگ کے بارے میں یہ تاثر عام ہے اس سے پینے والے کو کوئی نقصان نہیں ہوتا، جبکہ کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔ تاہم یہ بات صرف ایک مفروضہ تھی جس کے حق میں کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں تھا۔اسی تناظر میں ریسرچ جرنل ’’گروپ اینڈ آرگنائزیشن مینجمنٹ‘‘ کے تازہ شمارے میں سان ڈیاگو یونیورسٹی، کیلیفورنیا اور آبرن یونیورسٹی، الاباما کے ماہرین کی ایک مشترکہ تحقیق شائع ہوئی ہے جس میں انہوں نے بھنگ استعمال کرنے والے 281 افراد کا تجزیہ کرنے کے بعد یہ ثابت کیا ہے کہ بھنگ پینے والوں کی کارکردگی میں ’’واقعی‘‘ اضافہ ہوجاتا ہے۔البتہ بھنگ سے کارکردگی میں اضافہ صرف اُن ہی رضاکاروں میں دیکھا گیا جنہوں نے پورے دن کی محنت سے تھک جانے کے بعد، شام کے وقت بھنگ استعمال کی تھی۔ ایسے افراد کی کارکردگی اگلے روز واضح طور پر بہتر تھی۔