منشیات برآمدگی کیس: رانا ثناء اللہ سمیت ملزمان کیخلاف فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 25تک مئوخر
لاہور کی انسداد منشیات عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ اور دیگر ملزمان کے خلاف منشیات برآمدگی کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی25تک مئوخر کر دی۔ دوران سماعت رانا ثناء اللہ خان سمیت چار ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ دو ملزمان کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔ دوران سماعت رانا ثناء اللہ خان کے وکیل فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ نے عدالت کے استفسار پر بتایا کہ رانا ثناء اللہ سمیت چار ملزمان عدالت میں حاضر ہیں جبکہ دوملزمان کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی ۔ عدالت نے دو ملزمان کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ عدالت نے دوبارہ تمام ملزمان کو فرد جرم کی کارروائی کے لئے 25ستمبر کو طلب کر لیا ۔ دوران سماعت اے این ایف کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ دو سال سے کیس کو لٹکایا جارہا ہے۔ اس پر فرہاد علی شاہ نے کہا کہ پراسیکیوشن نے حقائق عدالت کو نہیں بتائے جبکہ واٹس ایپ پر جج کو تبدیل کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو ملزمان کی مناسب حاضری معافی کی درخواست ہے لہذا اسے منظور کیا جائے۔ اس پر عدالت نے کہاکہ ریکارڈ دیکھ کر ملزمان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے گی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 25ستمبر تک ملتوی کردی۔