بلوچستان بدامنی کیس،بازیاب کرائے گئے تین افراد کو عدالت میں پیش کردیاگیا،آئی جی بلوچستان کی غیر حاضری پر انہیں معطل کرنے کا حکم ۔
سپریم کورٹ میں بلوچستان امن و امان کیس کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت بازیاب کرائے گئے تین افراد کو عدالت میں پیش کردیاگیا۔ بازیاب کرائےگئے افراد میں میرجان، امیر خان اور گل میر شامل ہیں۔ عدالت نے ان تینوں افراد کو فوری رہا کرنے اور آئندہ بلااجازت گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ۔ سپریم کورٹ نے کل آئی جی بلوچستان، متعلقہ ایس پی اور ایس ایچ او کو لازمی طور پر پیش ہونے کی ہدایت بھی کی ہے۔ اس سے قبل سماعت شروع ہونے پر چیف جسٹس نے آئی جی بلوچستان کی عدالت میں عدم حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری اسٹیبلیشمنٹ کو فوری سپریم کورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئی جی بلوچستان اور متعلقہ ایس پی کو معطل کرکے جیل بھجوایا جائے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں آگ لگی ہوئی ہے اور یہ لوگ خاموش ہیں۔ عدالت نے مقدمہ کی سماعت کل تک کے لئے ملتوی کردی ہے۔