مجید نظامی کی شخصیت ہماری قومی و صحافتی تاریخ میں منفرد اور نمایاں مقام رکھتی ہے۔ صدرآصف علی زرداری
صدرآصف علی زرداری نےاپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ انھیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہےکہ مجید نظامی کی بطور مدیر نوائے وقت پچاس سالہ خدمات کے اعتراف میں گولڈن جوبلی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ صدر کا کہنا تھا کہ مجید نظامی نے بطور مدیر ہمیشہ اعلیٰ صحافتی اقدار کو ملحوظ خاطر رکھا اور نئی نسل میں ان اقدار کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی ادارت کے پچاس سال بلاشبہ ایک یادگار عہد و جہد مسلسل سے عبارت ہیں اور وہ ان خدمات پر مجید نظامی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ صدرآصف علی زرداری نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ اللہ تبارک وتعالیٰ مجید نظامی کو صحت اور عمردرازی عطا فرمائے تاکہ نئی نسل انکے تجربات اور دانش سے مستفید ہوسکے۔ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے مجید نظامی کےنام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ مجید نظامی کی شخصیت پاکستان اور نظریہ پاکستان کیلئے غنیمت ہے، انھوں نے ہمیشہ استحکام پاکستان کیلئے جرأت مندانہ کردار ادا کیا، چوہدری شجاعت نے کہا کہ مجید نظامی نہ صرف با اصول انسان بلکہ سچے پاکستانی اور پکے مسلم لیگی ہیں جنہوں نے اصولوں کی خاطر سودے بازی نہیں کی اور نہ کبھی کسی آمر کے سامنے سرجھکایا۔ مجید نظامی نہ صرف استحکام پاکستان کیلئے ہمیشہ فکر مند رہتے ہیں بلکہ مسلم لیگیوں کے اتحاد کے بہت بڑے داعی ہیں ہم نے ہمیشہ انہیں عزت واحترام دیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ مجید نظامی کی شخصیت سے رہنمائی حاصل کرکے پاکستانی سیاست اور صحافت میں اعلیٰ اصول قائم کئے جا سکتے ہیں۔ چوہدری شجاعت نے کہا کہ وہ اس پرمسرت موقع پر اپنی ، اپنے خاندان اور اپنی جماعت کی جانب سے مجید نظامی کو مبارکباد دیتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انکی سرپرستی میں نوائے وقت گروپ کو مزید ترقی عطا فرمائے اور مجید نظامی ملک وقوم کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیتے رہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے مجید نظامی کو بطور مدیر رونامہ نوائے وقت پچاس سال پورے ہونے پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ گزشتہ پچاس سالوں میں مجید نطامی نے نہ صرف نوائے وقت کو وسعت دی بلکہ اس کے نظریاتی تشخص کو مستحکم کرتے ہوئے اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا ہے۔ علامہ اقبال، قائداعظم اور مادرملت کی حیات وخدمات اور فکر وفلسفہ کو انہوں نے نہ صرف اپنے لئے بلکہ پوری قوم کیلئے مشعل راہ بنانے کیلئے جدوجہد کی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ قومی امور پر بے باکی، جرأت اور ثابت قدمی سے ادارہ نوائے وقت نے جس طرح قوم کی رہنمائی کی اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ مسلم لیگ ق کے سیکریٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مجید نظامی نے پاکستان میں جمہوریت کے فروغ کیلئے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں انہوں نے ہمیشہ جمہوری اقدار کی نہ صرف حمایت کی بلکہ آمریت کے خلاف ہمیشہ کلمہ حق بلند کیا۔ انکا کہنا تھا کہ نوائے وقت ایک اخبار نہیں ایک تحریک ہے جس کا موٹو بہترین جہاد اور جابر سلطان کے سامنے کلمہ حق کہنا ہے اور یہ فریضہ پچاس سال سے مجید نظامی نے احسن طریقے سے نبھایا ہے۔