شہبازشریف نے کہا ہے کہ انکے دورحکومت کے میگاپراجیکٹس کی طرح آئندہ انتخابات کیلئےانکی میڈیا پالیسی بھی شفافیت پر مبنی ہوگی۔
لاہورمیں مسلم لیگ سیکرٹریٹ میں مسلم لیگ (ن) کے میڈیا سیل کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئےشہبازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پہلی سیاسی جماعت ہے، جس نے ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے پارٹی اجلاسوں میں میڈیا کے نمائندوں کو دعوت دی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کا پیغام عوام تک پہنچاتے ہوئے ہمارے کسی کارکن کو صداقت، دیانت اور شائستگی کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) کی پنجاب اور مرکز کی سطح پر کامیابیاں عوام میں ہماری مقبولیت کی ضامن ہیں۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اہل صحافت مجموعی طور پرپرامن اور شفاف الیکشن کے انعقاد میں مثبت کردار ادا کررہے ہیں۔ تاہم کچھ عناصر اپنے ذاتی مفاد کیلئے ن لیگ کی قیادت پر تواتر کے ساتھ بے بنیاد الزامات کی شکل میں کیچڑ اچھال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے خلاف اس مذموم مہم کے ڈانڈے سیکرٹ فنڈ کی ان بھاری رقوم سے ملتے ہیں جو پیپلز پارٹی نے وزارت اطلاعات کے ذریعے اس مقصد کے لیے تقسیم کی تھیں۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں ن لیگ کی گذشتہ حکومت کویہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ اس نےوزیراعلیٰ ہاﺅس کاکروڑوں روپے کا سیکرٹ فنڈ ایک پائی خرچ کیے بغیرسرکاری خزانے کو واپس کردیا تھا۔ اجلاس میں پیش کی جانےوالی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک نئی سیاسی جماعت کے حامیوں کی طرف سے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر ناشائستہ تبصروں اور دشنام طرازی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے جس پر محمدشہبازشریف کا کہنا تھا کہ یہ ایک افسوسناک صورت حال ہے۔