لاہور: ٹریکٹر ٹرالی ہائوسنگ سوسائٹی کے گیٹ سے ٹکرا گئی، 3 مزدو ر جاں بحق

بھٹہ چوک کے قریب اینٹوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی ہائوسنگ سوسائٹی کے گیٹ سے ٹکرانے سے 3 مزدور جاں بحق ہوگئے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی ٹریکٹر ٹرالی کو تحویل میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے بھٹہ چوک کے قریب اینٹوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی ہائوسنگ سوسائٹی میں داخل ہو رہی تھی کہ ڈرائیور گیٹ کی کم اونچائی کا اندازہ نہیں لگا سکا اور ٹریکٹر ٹرالی ہاسنگ سوسائٹی کے گیٹ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں اینٹوں کے اوپر سوئے 3 مزدور بری طرح کچلے گئے اور نیند کی حالت میں ہی جاں بحق ہوگئے۔مقامی لوگوں کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور ڈرائیور محمد ندیم کو حراست میں لے کر ٹریکٹر ٹرالی کو تحویل میں لے لیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں رائیونڈ کے علاقے کوٹ رادھا کشن کے رہائشی ساجد، شاہد اور نثار شامل تھے۔ پولیس نے جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی لاشیں پوسٹمارٹم کے لیے جنرل اسپتال کے مردہ خانے منتقل کردی ہیں۔