بھارتی الیکشن میں مودی کو مطلوبہ ووٹ نہیں ملے تو حالات خراب ہوسکتے ہیں۔: شیخ رشید
وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور شیخ رشید ٹرین کے ذریعے لاہور سے پنڈی روانہ ہوگئے ہیں۔ صوبائی وزراء سمیع اللہ چوہدری اورحافظ ممتاز احمد بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ ہیں۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار وزیر اعظم کے لیے مختص سیلون پر راولپنڈی روانہ ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے لیے مختص سیلون پر صرف صدر پاکستان،وزیراعظم یا گورنر سفر کرسکتے ہیں۔وزیراعلی ریلوے قوانین کے مطابق وی آئی پی سیلون پر سفر کرسکتے ہیں۔ ریلوے انتظامیہ نے وزیراعظم کے لیے مختص سیلون نمبر 74 اور 75 کو وزیر اعلی کے لیے تیار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب راولپنڈی میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین، ریلوے روڈ کا افتتاح کریں گے۔وزیراعلیٰ سیٹلائٹ ٹاؤن میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کو اپ گریڈ کرکے ویمن یونیورسٹی کا درجہ دینے کی تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔ لاہور ریلوے اسٹیشن پر روانگی سے قبل وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کررہی ہے،امید ہے وزیراعظم عمران خان تمام مسائل کو حل کرینگے۔ شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے بعد صدر مملکت بھی ٹرین سے سفر کرینگے۔وزیراعظم خود سرسید ایکسپرس میں سفر کریں گے۔ وزیر اعظم پاکستان چین اور ایران کے دورے کے بعد ایمبیسڈرز اور ان کی فیملی کو ریل کے سفر کی دعوت دیں گے۔ایمبیسڈرز اور ان کی فیملیز کو اٹک خورد تک سفر کروایا جائے گا اور واپسی پر راولپنڈی میں وزیراعظم کی طرف سے لنچ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ وزیراعلی ریل کے ذریعے سفر کررہے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ 4 اسٹیم انجن کے پی کے حوالے کررہے ہیں۔وزیراعظم کی ٹورزم پالیسی کے تحت صرف انجن کے فیول کا کرایہ لیں گے۔شیخ رشید احمد نے کہا اعتزاز احسن کا انٹرویو سنا ہے،وہ بھی ضمانتی فیصلوں پر تنقید کررہے ہیں۔ اعتزاز احسن کہتے ہیں دنیا بھر میں ان جیسے ضمانتی فیصلوں کی نظیر نہیں ملتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ اگر بھارتی الیکشن میں مودی کو مطلوبہ ووٹ نہیں ملے تو حالات خراب ہوسکتے ہیں۔مودی اپنے نیٹ ورک کے ذریعے پھر کے پی اور بلوچستان میں حالات خراب کروائے گا۔