یواے ای سے ایک ارب ڈالرز کی فنانسنگ ملنے کے حوالے سے رواں ہفتے تحریری ضمانت ملنے کاامکان

متحدہ عرب امارات(یواے ای) سے ایک ارب ڈالرز کی فنانسنگ ملنے کے حوالے سے رواں ہفتے تحریری ضمانت ملنے کاامکان ہے۔ سیکرٹر ی وزارت خزانہ حامد یقوب شیخ واشنگٹن میں میٹنگز کے دوران آئی ایم ایف کو اس حوالے سے آگاہ کردیں گے۔ وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات حکام سے خصوصی درخواست کی ہے۔ وزیر خزانہ نے متحدہ عرب امارات حکام کو بتایا ہے کہ آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدے کے لئے دوست ممالک سے جو فنانسنگ لینی ہے اس حوالہ سے آئی ایم ایف کو تحریری ضمانت چاہیے۔ اس پر متحدہ عرب امارات حکام کی جانب سے اسحاق ڈار کو بتایا گیا کہ مشکل معاشی حالات میں یو اے ای اس وقت پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور جلد پاکستان کو ایک ارب ڈالرز کی فنانسنگ فراہم کردی جائے گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے معاہدے کے لئے آخری شرط عائد کی گئی تھی کہ پاکستان جون تک بیرونی فنانسنگ کاانتظام کرے۔ وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالرز کی فنانسنگ ملنے کے حوالہ سے رواں ہفتے ہی تحریری ضمانت ملنے کا امکان ہے۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ایک ارب ڈالرز کی فنانسنگ کے حوالے سے یواے ای کے ساتھ معاملات طے پاچکے ہیں اور جلد ہی یہ گارنٹی مل جائے گی۔ ذرائع وزارت خزانہ کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم آفس سے بھی متحدہ عرب امارات حکام سے رابطہ کیا گیا ہے اوران کو یہ درخواست کی گئی کہ مشکل معاشی صورتحال میں پاکستان کی مدد کی جائے۔ جونہی متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایک ارب ڈالرز کی فنانسنگ کے حوالے سے تحریری ضمانت ملے گی سیکرٹری خزانہ واشنگٹن میں میٹنگز کے دوران آئی ایم ایف حکام کو آگاہ کردیں گے اورتوقع ہے کہ متحدہ عرب امارات سے تحریری ضمانت ملتے ہی آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہوجائے گا۔