سفارتخانے کھولنے کی راہ ہموار، ایرانی وفد سعودی عرب پہنچ گیا

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی وفد الریاض میں سفارت خانے کے علاوہ جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں ایرانی قونصل خانے اور مشن کو دوبارہ کھولنے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے حکام کے مطابق اس سال حج سے پہلے سعودی عرب میں ہمارے ملک کے نمائندہ دفاتر کو دوبارہ کھولنے اور فعال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ حج 2023 کا آغاز 26 جون سے ہوگا۔ سعودی وفد ایران میں سعودی سفارتی مشنوں کو دوبارہ کھولنے پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ہفتے کے روز تہران میں تھا۔ وہ جمعرات کو مشہد روانہ ہوگا تاکہ وہاں سعودی قونصل خانے کو دوبارہ کھولنے کا جائزہ لیا جاسکے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب اور ایران نے گذشتہ ماہ دوطرفہ سفارتی تعلقات بحال کرنے کے لیے چین کی ثالثی میں ایک معاہدہ طے پانے کا اعلان کیا تھا