قصور کی سیشن عدالت نے جنسی سکینڈل کے دو مرکزی ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی پر دونوں احاطہ عدالت سے فرار ہو گئے
قصور کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ثمینہ حیات نے کیس کی سماعت کی۔ ملزمان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ دونوں ملزمان بے گناہ ہیں اور ان کے خلاف حکومتی دباؤ کے تحت بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد دونوں ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کی تو ملزمان عدالتی سکیورٹی کو چکمہ دے کر احاطہ عدالت سے فرار ہو گئے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزمان کو مبینہ طور پر پولیس مقابلے میں مار دیا جائے گا۔ دوسری طرف متاثرین نے کہا کہ پولیس نے دونوں ملزمان کو خود فرار کرایا ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان کے فرار کی خبریں بالکل بے بنیاد ہیں، ملزمان کو ابھی عدالت میں پیش ہی نہیں کیا گیا۔