ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی اورسینیٹ سے استعفے دے کر ملکی سیاسیت میں بھونچال پیدا کردیا ہے

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد ایم کیو ایم کے اراکین اکھٹے ہوکر پارلیمنٹ ہاوس پہنچے۔ متحدہ کے تمام ارکان سپیکر قومی اسمبلی کے چیمبرمیں پیش ہوئے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے فردا فردا تمام ارکان سے استعفوں کی تصدیق کی ۔ تمام ارکان نے کہا کہ وہ اپنی مرضی سے استعفے دے رہے ہیں ۔ ان پر کوئی دباؤ نہیں ۔ اس سے پہلےایم کیو ایم کے ارکان جب اسمبلی پہنچے تو انہوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ متحدہ کے ارکان نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی حال میں الطاف حسین کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ قومی اسمبلی کے بعد ایم کیو ایم کے سینیٹرز بھی طاہرمشہدی کی قیادت میں پارلیمنٹ پہنچے جہاں انہوں نے حکومتی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔ بعد میں تمام ارکان سینیٹ نے چیئیرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کے چیمیبر میں پیش ہو کر اپنے استعفے جمع کرا دئیے۔ ایم کیو ایم کے استعفوں کے بعد ملکی سیاسیت میں طوفان کا سماں ہے۔ آنے والے دنوں میں ملکی سیاست کیا رخ اختیار کرے گی یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔ وسیم رزاق وقت نیوز اسلام آباد
متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی اجلاس میں اکٹھے استعفے دینے کا فیصلہ ہوا، اجلاس میں استعفوں اور اس کے بعد کی صورتحال کابھی جائزہ لیا گیا۔
متحدہ قومی موومنٹ کی پارلیمانی جماعت کا اجلاس پارلیمنٹ لاجز اسلام آباد میں ہوا، اجلاس کی سربراہی پارلیمانی سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کی ، اس موقع پر تمام ارکان قومی اسمبلی نے اجلاس میں شرکت کی۔ بعد ازاں کرنل ریٹائرڈ طاہر حسین مشہدی کی سربراہی میں بھی سینیٹرز نے اس اجلاس میں شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق مشاورتی اجلاس میں پارلیمنٹ سے استعفوں اور اس کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیاگیا اور تمام استعفے ایک ساتھ سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کو جمع کرانے کا فیصلہ کیاگیا ۔ اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کے ساتھ حکومتی رویے پربھی سخت تنقید کی گئی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ استعفوں کے حوالے سے تمام ارکان پارلیمنٹ سے فرداً فرداً استفسار کیا گیا اور اس کے بعد اتفاق رائے سے ایک ساتھ استعفے دینے کا فیصلہ کیاگیا اجلاس میں قائد ایم کیو ایم الطاف حسین بھی مسلسل پارلیمانی جماعت سے ٹیلیفونک رابطے میں تھے ، الطاف حسین نے قومی اسمبلی میں پارلیمانی سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور سینیٹ میں کرنل ریٹائرڈ طاہر حسین مشہدی کو ہدایات بھی جاری کیں ، اس کے بعد تمام ارکان پارلیمنٹ ایک ساتھ ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں پارلیمنٹ لاجز سے پارلیمنٹ ہاﺅس پہنچے جبکہ کچھ دیر کے وقفے کے بعد طاہر حسین مشہدی کی سربراہی میں سینیٹرز بھی استعفے جمع کرانے کےلئے پارلیمنٹ لاجز سے پارلیمنٹ ہاﺅس اکٹھے گئے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ایم کیو ایم کے استعفے منظور کرکے الیکشن کمیشن کو آگاہ کریں گے الیکشن کمیشن آرٹیکل دو سو چوبیس کے تحت ساٹھ روز میں ضمنی الیکشن کرانے کا پابند ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکام کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا استعفوں کی منظوری سے کوئی تعلق نہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن کو آگاہ کریں گے۔ الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی تحریری طور پر الیکشن کمیشن کو آگاہ کریں گے کہ نشستیں خالی ہو چکی ہیں اور الیکشن کمیشن ان نشستوں پر ضمنی الیکشن کرائے۔ الیکشن کمیشن آئین کے آرٹیکل دو سو چوبیس کے تحت ساٹھ روز میں خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی الیکشن کرائے گا اور استعفوں کے بعد الیکشن کمیشن سات روز میں الیکشن شیڈول کا اعلان کرے گا۔