یوسف رضا گیلانی اور ان کے اہل خانہ دہشت گردوں کے نشانے پر رہے ہیں،بلاول بھٹو
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی سکیورٹی واپس لینے کو مجرمانہ فعل قرار دے دیا۔ بلاول بھٹو کا کہنا ہے بتایا جائے یوسف رضا گیلانی کی سکیورٹی واپس لئے جانے کا ذمہ دار کون ہے۔ یوسف رضا گیلانی اور ان کے اہل خانہ دہشت گروں کے نشانے پر رہے ہیں۔ پہلے بھی ایسی ہی غفلت کے باعث علی حیدر گیلانی اور شہباز تاثیر کو اغوا کیا گیا۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری سکیورٹی واپس لئے جانے کے بعد اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہو گی۔ عوام کو بتایا جائے کہ سیاسی رہنماؤں سے سکیورٹی واپس لئے جانے کا ذمہ دار کون ہے۔ ہارون بلور اور سراج رئیسانی سمیت سیکڑوں سیاسی کارکنوں کی شہادت کے بعد حکومت کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے۔ یوسف رضا گیلانی سمیت تمام سیاسی رہنماؤں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔