شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد ہونے کے خلاف نظرثانی اپیل مسترد
عدالت نے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد ہونے کے خلاف نظرثانی اپیل مسترد کر دی، عدالت کا کہنا تھا کہ شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرنے کا حکم درست ہے، سیشن کورٹ نے پولیس کی نظر ثانی اپیل ناقابل سماعت قرار دے دی. عدالت نے شہباز گل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا فیصلہ درست قرار دیدیا. اس سے قبل اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیدیا ہے۔ تفصیل کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو ضلعی کچہری اسلام آباد میں پیشی ہوئی تو پولیس کی جانب سے ایک بار پھر صحافیوں کو کمرہ عدالت میں جانے سے روک دیا گیا۔ پولیس اہلکاروں کا کہنا تھا کہ حکام کی اجازت کے بغیر ہم ایسا نہیں کر سکتے۔ اس پر صحافیوں کا کہنا تھا کہ ہمیں وہ آرڈر دکھائیں جس میں عدالت جانے سے صحافیوں کو روکا گیا ہے۔ پولیس نے تکرار کی کہ آپ وہ آرڈر دکھائیں جس میں جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ صحافیوں کا پولیس کے رویے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب تک کوئی آرڈر نہ ہو کھلی عدالت میں جانے سے کوئی نہیں روک سکتا