پاکستان بھارتی ریاستی دہشتگردی کا شکار، شواہد عالمی برادری سے شیئر کیے: ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان ہندوستان کی ریاستی دہشتگردی کا شکار رہا ہے، ملک میں بھارتی دہشتگردی کے ٹھوس شواہد عالمی برادری سے شیئر کیے گیے ہیں۔ ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو ملک بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا گیا، 5 اگست کو بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو 3 سال مکمل ہوئے، بھارت مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مکمل خلاف ورزی کر رہا ہے، 5 اگست کو دفتر خارجہ کی طرف سے یکجہتی واک کا اہتمام کیا گیا۔ عاصم افتخار نےکہا کہ یکجہتی واک کی قیادت سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے کی جبکہ وزیر دفاع اور وزیر ناصر کشمیر نے خصوصی شرکت کی، تین سالوں میں مقبوضہ کشمیر میں 650 کشمیری شہید کیے گیے، رواں سال 30 مظلوم کشمیری بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہوئے ہیں۔