‘عدلیہ اور اداروں کے خلاف بات نہیں کرنی چاہیے’: شیخ رشید
راولپنڈی: سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے حکومت سمجھتی ہے کہ الیکشن تاخیر سے فائدہ ہوگا تو ایسا نہیں ہے۔جمعہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بات کا حامی ہوں کہ الیکشن کی تاریخ دیں، بیٹھنے کو تیار ہوں۔ میں وزیر داخلہ تھا تب تک کے مذاکرات سے واقف ہوں۔
شیخ رشید نے کہا کہ میری وزارت داخلہ میں ایک بندے پر بھی مقدمہ کٹے تو میں حاضر ہوں، شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کے ساتھ جو ہوا یہ ظلم کی انتہا ہے۔ کہا کہ رانا ثنا اللہ کو کوئی سلیوٹ نہیں کرنا چاہتا، جب تک وہ وزیرداخلہ رہے کوئی سیاسی گرفتاری نہیں ہوئی، تمام طاقتوں کو کہنا چاہتا ہوں ملک کو تباہی سے بچائیں۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کو لکشمی چوک میں دفنا دیا ہے، میرے اوپر پندرہ مقدمات ہیں جن کا متن ایک سا ہے، 17 وزیروں کے پاس آج تک ایک محکمہ نہیں، میں اللہ کو راضی کر رہا ہوں، عمران کے ساتھ ہوں۔ٹویٹ پیغام میں انہوں نے کہا کہ سیاسی نفرتیں ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بن گئی ہیں، تنقید اور تضحیک دو مختلف چیزیں ہیں، عدلیہ اور اداروں کو متنازعہ نہیں بنانا چاہیے، انتقام کی سیاست اپنے انجام کو پہنچے گی، سب لپیٹ میں آئیں گے، اس سے بچیں۔