سیاستدانوں کو ہمیشہ اداروں پر تنقید کرنے سے روکا ہے, شہباز شریف اور عمران خان سے بات کرنے کو تیار ہوں: صدر علوی
لاہور: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں جلد انتخابات کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان سے بات کرنے کو تیار ہوں۔ گورنر ہاؤس میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ملک کے موجودہ معاشی اور سیاسی حالات کے بارے میں سب کو سوچنا ہوگا ۔ سیاستدانوں کو اپنی انا ختم کر کے ایک میز پر بیٹھنے کی ضرورت ہے۔ صدر کا کردار آئینی ہوتا ہے لیکن میری خواہش ہے ملک کے لیے اپنا کردار ادا کروں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاستدانوں کو ہمیشہ اداروں پر تنقید کرنے سے روکا ہے۔ ملک کی خاطر شہباز شریف اور عمران خان سے بات کرنے کو تیار ہوں ۔ کوشش ہو گی دونوں میں نفرتیں کم ہوں اور جلد انتخابات کے لیے ماحول سازگار بنایا جا سکے۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبوں کا تنازع ملک کے لیے خطرناک ہے۔ وزیراعظم کی طرف سے 85 سمری بھجوائی گئیں سب پر سائن کیے صرف دو سمریاں واپس کیں۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کی سمری واپس کی۔ ان دونوں معاملات پر میں نے خود بہت کام کیا تھا۔ایک اور سوال کے جواب میں صدر کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ میں ہم حساب کتاب رکھنے پر پکڑے گئے، پارٹی سیکرٹری کےطور پر میں نے اسد قیصر اور سیما ضیا کو اکاؤنٹ کھولنے کا کہا تھا۔ امریکی قانون کے مطابق فنڈنگ کے لیے کمپنی بنانا ہوتی ہے، امریکا اور کینیڈا میں قانون کے مطابق کمپنی کھولنے پر کہا کہ پرائیویٹ کمپنی ہے۔