وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے مکمل آگاہی حکومت کی ترجیح ہے۔شہباز شریف نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ دنیا بھر بالخصوص پاکستان کی نوجوان آبادی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان کی نوجوان آبادی عزم و ہمت اور بہادری کی مثال ہے، ہماری نوجوان آبادی ملکی معاشی ترقی میں بنیادی پہیے کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال یہ دن مقامی نوجوان آبادی کیلئے مستحکم ترقیاتی اہداف کے تناظر میں منایا جا رہا ہے، نوجوان قومی اورعالمی افق پر ملک کا نام روشن کرتے ہیں، نوجوان مقامی سطح پر بھی معیشت میں اپنا تعمیری کردار ادا کررہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم، ہنرمندی، پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے کیلئے پالیسیاں بنا رہے ہیں، قومی مصنوعی ذہانت پالیسی 2025 نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کے استعمال میں مدد دے گی، قومی یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کامیابی سے لاکھوں نوجوانوں کی ہنرمندی میں اضافہ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی کاروباری اور کاشتکاری کی صلاحیتوں کے استعمال کیلئے آسان قرضے دینا شروع کئے، حکومت نے اڑان پاکستان کے تحت کمیونٹی سطح پرنوجوانوں کیلئے پلیٹ فارمز کا اہتمام کیا ہے۔
ہماری نوجوان آبادی ملکی معاشی ترقی میں بنیادی پہیے کی حیثیت رکھتی ہے۔وزیراعظم کانوجوانوں کے عالمی دن پر پیغام
Aug 12, 2025 | 13:51