سونے کی قیمت میں کمی کا سلسلہ نہ تھم سکا۔

Aug 12, 2025 | 17:14

عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری، عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی سونا 500 روپے سستا ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہا تاہم گزشتہ روز کے مقابلے قیمت میں معمولی کمی دیکھی گئی۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 500 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 3 لاکھ 58 ہزار 800 روپے سے کم ہو کر 3 لاکھ 58 ہزار 300 روپے کا ہوگیا۔ اسی طرح 24 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت بھی 429 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 7 ہزار 613 روپے سے 3 لاکھ 7 ہزار 184 روپے ہو گئی جبکہ 22 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت 393 روپے کمی کے بعد 2 لاکھ 81 ہزار 988 روپے سے 2 لاکھ 81 ہزار 595 روپے رہ گئی۔ اس کے علاوہ چاندی کی فی تولہ اور 10 گرام قیمت میں کوئی رد و بدل نہ ہوا اور یہ بالترتیب 4 ہزار 13 روپے اور 3 ہزار 440 روپے پر برقرار رہی۔ دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 5 ڈالر کی کمی سے 3 ہزار 356 ڈالر کی سطح پر آگئی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 600 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت 3 ہزار 86 روپے کمی ہوئی تھی۔

مزیدخبریں