نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت باسعادت پر ملک بھر میں چراغاں کیا گیا۔ عاشقان رسول نے درود و سلام اور نعتیہ کلام کے گلہائے عقیدت پیش کیے

آقائے دو جہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت باسعادت، بارہ ربیع الاول کے موقع پر ملک بھر میں عاشقان رسول نے چراغاں کیا، مساجد کو برقی قمقموں سے روشن کیا گیا جبکہ سرکاری عماتوں، گلیوں اور بازاروں کو بھی دلہن کی طرح سجایا گیا,خوشی کے اس موقع پر ریلیاں اور جلوس بھی نکالے گئے اور اہل ایمان نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا اظہار کرتے رہے,عید میلاد النبی کے موقع پر مساجد میں خصوصی محافل کا انعقاد کیا گیا اور اہل ایمان نے نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس میں گلہائے عقیدت اور درود و سلام پیش کیے گئے,اس سے قبل عید میلاد النبی کی تقریبات کا آغاز نماز فجر کے بعد قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیدالانبیا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت پر پاک فوج کی جانب سے اکتیس توپوں کی سلامی دی گئی اور فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی, اسی طرح صوبائی دارالحکومتوں لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں بھی اکیس اکیس توپوں کی سلامی دی گئی