سوشل میڈیا سے گستاخانہ مواد کے 19ہزار 112لنکس بلاک کیے گئے
ملک میں گزشتہ 7 سال کے دوران سماجی رابطے کی مختلف ویب سائٹس سے گستاخانہ موادکے 19ہزار 112لنکس بلاک کیے گئے ہیں جبکہ 2014میں گستاخانہ مواد کے سب سے زیادہ لنک بلاک کیے گئے جن کی تعداد 10ہزار 101تھی۔ دستاویزکے مطابق 2010 سے لے کر اب تک فیس بک سے گستاخانہ مواد کے 4ہزار 965 لنک جبکہ ٹویٹر سے370گستاخانہ لنکس بلاک کیے گئے۔ دستاویز کے مطابق گزشتہ 7 سال کے دوران یوٹیوب سے 1855اور سماجی رابطے کی دیگر ویب سائٹس سے11ہزار922لنک ہٹائے گئے۔2010 کے دوران فیس بک، ٹویٹر ، یوٹیوب اور دیگر ویب سائٹوں سے 913 لنکس،2012 کے دوران 1705لنکس، 2013 میں گستاخانہ مواد والے2ہزار 832لنکس جبکہ 2014 کے دوران سب سے زیادہ 10ہزار 101گستاخانہ مواد والے لنکس کو ویب سائٹوں سے ہٹایا گیا۔2015 کے دوران ایسے متنازع لنکس کی تعداد121 رہی۔ 2016 کے دوران228اور 2017کے دوران اب تک 3ہزار 202 گستاخانہ لنک مختلف ویب سائٹوں سے ہٹائے گئے۔ دستاویزکے مطابق سماجی شعبے کی معروف ویب سائٹس ملک سے باہر ہیں اس لیے ان پر ملکی قوانین کا اطلاق نہیں ہوتا۔واضح رہے کہ ایچ ٹی ٹی پی والے غیر محفوظ لنکس ٹیلی کام آپریٹرز کی جانب سے بلا ک کیے جاتے ہیں جبکہ ایچ ٹی ٹی پی ایس والے محفوظ لنکس بلاک کرنے اور انھیں ہٹانے کے لیے ویب سائٹ انتظامیہ کو بھجوائے جاتے ہیں۔