سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوںسے حکومت کے عزائم بے نقاب ہو رہے ہیں,لاڈلے کو قوم پر مسلط تو کیا گیا ملکی معاملات حل کرنے کی صلاحیت نہیں، آصف زرداری
سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوںسے حکومت کے عزائم بے نقاب ہو رہے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں خواجہ سعدرفیق اور سلمان رفیق کی گرفتاری پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا تھا کہ انتقامی کارروائیوں سے سیاسی قیادت اور سیاسی پارٹیاں ہرگز کمزور نہیں ہوں گی بلکہ سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوں سے حکومت کے عزائم بے نقاب ہو رہے ہیں۔سابق صدر آصف زرداری نے ایک بیان میں کہا کہ پیپلزپارٹی کی خواہش رہی ہے کہ ہر حکومت اپنی معیاد پوری کرے اس سے پارلیمانی نظام مضبوط ہوگا مگر سلیکٹڈ وزیراعظم نہیں چاہتے کہ پارلیمنٹ مضبوط ہو اور ہر فیصلہ پارلیمنٹ میں ہو۔لاڈلے کو قوم پر مسلط تو کیا گیا ملکی معاملات حل کرنے کی صلاحیت نہیں، انتقامی کارروائیوں سے سیاسی قیادت اورپارٹیاں ہرگز کمزور نہیں ہوں گی، اس طرح پارٹیاں عوام میں پذیرائی اور مقبولیت حاصل کرتی ہیں، ملک خطرناک معاشی بحران کا شکار ہو رہا ہے، حکومت توجہ ہٹانے کے لئے سیاسی قیادت کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔