کینیڈا میں ہواوے کمپنی کی اعلی عہدیدار خاتون کی ضمانت پر رہائی
چین کی کمپنی ہواوے کی خاتون چیف فنانشل افسر مینگ وان ژو کو کینیڈین عدالت نے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق چینی خاتون کو امریکی درخواست پر گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت نے تین روزہ سماعت کے بعد ضمانت دینے کا فیصلہ کیا۔ عدالت نے چینی خاتون کو دس ملین کینیڈین ڈالر کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جن میں سے سات ملین کینیڈین ڈالر نقد جمع کرانے ہیں۔ عدالت نے چینی خاتون کو اپنا پاسپورٹ بھی کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے حکام کے حوالے کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مجموعی طور پر مینگ وان ژو کو ضمانت کے لیے ایک درجن عدالتی شرائط کا سامنا ہے۔