گیس بحران؛ وزیراعظم کا سوئی سدرن اورسوئی ناردرن کے سربراہان کیخلاف تحقیقات کا حکم
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سردیاں آتے ہی ملک میں گیس بحران کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیر پٹرولیم غلام سرور خان، وزیر توانائی عمر ایوب، وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم نے بحرانی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے چیئرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل کی سربراہی میں چار رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کردی جب کہ ڈی جی نجکاری کمیشن قاضی سلیم صدیقی، ڈی جی گیس شاہد یوسف اور ڈی جی ایل جی عمران احمد کمیٹی کے ممبر ہوں گے، کمیٹی گیس کی تقسیم کار کمپنیوں کے سسٹم کی ناکامی اور ایم ڈی سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے خلاف الزامات کا جائزہ لے کر 72 گھنٹوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔