پی آئی سی واقعہ بدترین سانحہ اور ذمہ دار حکومت پنجاب ہے،عمران خان اور عثمان بزدار استعفی دیں۔ قمر زمان کائرہ
پیپلز پارٹی پنجاب نے پی آئی سی واقعہ کو بدترین سانحہ اور اس کا ذمہ دار حکومت پنجاب کو قرار دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدار کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر وکلا کے حملے کو ایک سانحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال پر حملہ ایک دوہرا سانحہ ہے ایک تو ہسپتال پر حملہ دوسرا پڑھے لکھے وکلا طبقے کی طرف سے حملہ اور اس سانحہ نے قوم کو دوہرے صدمے سے دوچار کیا ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ احتجاج کے نام پر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ہسپتال پر حملے اور توڑ پھوڑ کا واقعہ شرمناک ہے۔ انہوں نے وکلا اور ڈاکٹروں کے درمیان جاری تنازع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشیدہ مسئلے کو نظر انداز کر کے حکومت نے نااہلی کا مظاہرہ کیا۔ آج جو کچھ بھی ہوا اس کی ذمہ دار حکومت ہے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکریٹری چودھری منظور نے کہا کہ حکومت چاہتی تو اس سانحہ سے بچا جا سکتا تھا مگر حکومت کی نااہلی نے آج ایسے سانحہ کو جنم دیا ہے جس سے پاکستانیوں کے سر شرم سے جھکا دئے ہیں۔ سیکریٹری اطلاعات و پارلیمانی لیڈر پی پی پنجاب سید حسن مرتضی نے کہا کہ پی آئی سی سانحہ عمران خان اور ان کے شیر شاہ سوری کی کارکردگی کا خمیازہ ہے، عمران خان ملک کو انارکی کی طرف دھکیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور جیسے شہر میں ہسپتال پر حملہ ہو جاتا ہے حکومت سوتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پی آئی سی کا ذمہ دار نیازی اور اس کی نالائق ٹیم ہے۔ نیازی اور ان کے شیر شاہ سوری استعفیٰ دیں گھر جائیں اور ملک کی جان چھوڑیں۔ پیپلز ڈاکٹرز فورم پنجاب کے صدر ڈاکٹر خیام نے کہا کہ آج پنجاب کی تاریخ کا بدترین دن تھا۔ ڈاکٹروں اور مریضوں پر حملا کر کے دہشت پھیلائی گئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی آئی سی پر حملے میں ملوث وکلا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔