ابرار الحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی پر حکم امتناع برقرار
ہائیکورٹ نےابرار الحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی کے حکم پر آئندہ سماعت تک حکم امتناع برقرار رکھتے ہوئےہدایت کی کہ وفاق تین چار دن میں تحریری جواب جمع کرائے۔ ابرار الحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی کے حکم پرسماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔ وکیل ابرار الحق سابق سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار نے مؤقف پیش کیا کہ آج وکلا ہڑتال کی وجہ سے دلائل نہیں دے سکتا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ آپ کی بات سمجھتا ہوں مجبور بھی نہیں کروں گا۔وکیل ڈاکٹر سعید الہی نے کہا کہ ہم نے حکومت کو سولہ سوالات دیئے ان کی جانب سے ایک صفحے کا جواب آیا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا حکومت تحریری جواب داخل کرانا چاہتی ہے؟ جس پرایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر سعید الہی کی ریٹائرمنٹ مارچ میں ہےشاید کیس کو اسی لیے طویل کرنا چاہتے ہیں۔دوران سماعت لاہور ہائیکورٹ بار کے سابق سیکرٹری کی بولنے کی کوشش پر چیف جسٹس نے کہا آج نہ بولیں آپ ہڑتال پر ہیں۔ ہائیکورٹ نےابرار الحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی کے حکم پر آئندہ سماعت تک حکم امتناع برقرار رکھتے ہوئےہدایت کی کہ وفاق تین چار دن میں تحریری جواب جمع کرائے۔عدالت نے کیس پر سماعت 16 دسمبر تک کے لئے ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ عدالت نے ابرار الحق کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل کر سابق چیئرمین سعید الہی کو عہدے پر بحال کر رکھا ہے۔