وکلاء کی طرف سے ہسپتال ، ڈاکٹرز اورمریضوں پر حملہ قابل مذمت ہے ۔ شیخ نعمت اللہ
پیرس( صاحبزادہ عتیق سے ) گزشتہ روز ہسپتال پر حملہ قانون دانوں کی طرف سے قانون شکنی کی کھلی مثال ، اس پیشے کی حرمت پر سوال اور قابل مذمت ہے۔ وکلاء کے قابل احترام پیشے کے تقدس کی دھجیاں بکھیر دی گئی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار فرانس کی ممتاز کاروباری شخصیت اور کوآرڈینیٹر تحریک انصاف فرانس شیخ نعمت اللہ نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کالے کوٹ میں ملبوس قانون کے محافظوں سے ایسے غیر انسانی فعل کی توقع نہیں تھی۔ اس واقعہ کو ذمہ داروں کو کڑی سے کڑی سزا دی جانی چاہئے۔ ملک پاکستان میں سرکاری اہلکاروں، سرکاری املاک، پولیس، ایف سی اورفوج، گارڈز اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی وردی کا احترام نافذ العمل ہونا چاہیے ، انہوں نے مزید کہا کہ قومی سطح پر سنجیدہ رویوں کو فروغ دینے کیلئے حکومت کو ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے سرکاری املاک اورآن ڈیوٹی سرکاری اہلکاروں کی حفاظت کیلئے فوری قانون سازی کرنی چاہیے اور اس کونافذ کرنے میں ہر حد تک جانا چاہیے۔