کے الیکٹرک کا کراچی کے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ
ایران سے بارش برسانے والا سسٹم کراچی میں داخل ہونے کے بعد شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، کے الیکٹرک نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ بارش کی صورت میں احتیاط کی جائے، غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول ہرگز نہ کیا جائے، شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ بارش کی صورت میں بچوں کا خاص خیال رکھا جائے اور احتیاط برتیں، برقی آلات ننگے پاؤں یا گیلے ہاتھ کے ساتھ نہ چھوئیں، بارش اور کھڑے پانی میں پانی کی موٹر جیسے برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔