شہریت ترمیمی بل سے بھارت میں مسلمان دوسرے درجے کے شہری بن جائیں گے. امریکی رکن کانگریس
ایک امریکی کانگریس کے مسلم رکن نے کہا ہے کہ بھارتی شہریت ترمیمی بل سے مسلمان دوسرے درجے کے شہری بن جائیں گے۔کانگریس کے رکن آندرے کارسن نے کہا کہ یہ اقدام بھارت میں مسلمانوں کو موثر طریقے سے دوسرے درجے کے شہریوں میں بدلنے کی ایک اور کوشش ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کارسن نے اس کو ایک خطرناک اقدام قرار دیتے ہوئے کہاکہ بھارت نے بین الاقوامی اصولوں کو نظرانداز کرتے ہوئے کشمیری عوام کی جمہوری خواہش کو نظرانداز کیا ہے ، بھارتی آئین سازی کی بھرپور روایت کو پامال کیا ہے اوربھارت کے مستقبل کے بارے میں بڑے سوالات اٹھائے ہیں۔ بھارت نے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت واپس لینے کے لئے آئین کے آرٹیکل 370کی دفعات کو 5اگست کو منسوخ کردیا اور اسے دو مرکزی علاقوں میں تقسیم کردیا۔ پاکستان نے بھارت کے فیصلے پر سخت رد عمل کا اظہار کیا۔بھارت نے عالمی برادری کو واضح طور پر بتایا ہے کہ آرٹیکل 370کو ختم کرنا داخلی معاملہ ہے۔ اس نے پاکستان کو بھی کہا ہے کہ وہ حقیقت کو قبول کرے اور بھارت مخالف تمام پروپیگنڈا بند کرے۔