امیرجماعت اسلامی سید منورحسن نے کہا ہے کہ طالبان نے مثبت اورامن پسند رویے کا اظہار کرکے گیند حکومت کی کورٹ میں پھینک دی ہے ،اب حکومت کو بھی فراخدلی کا ثبوت دیتے ہوئے قبائلی علاقوں میں فوجی کارروائیاں بند کرنی چاہیئیں۔

منصورہ لاہور میں اسلامی جمعیت طالبات کے تین روزہ سالانہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے منورحسن نے کہا کہ امریکہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کے بہانے ڈھونڈ رہا ہے ،رابطہ کمیٹی کے میران شاہ کے دورے کے موقع پر ڈرون طیاروں کی پروازوں کا مقصد حکومت اور طالبان دونوں کو خوف زدہ کرنا تھا ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ نے جھوٹ کا سہارا لے کر عراق اور افغانستان میں لاکھوں معصوم مسلمانوں کا قتل عام کیا اور اب وہ پاکستان پرجارحیت کے بہانے ڈھونڈ رہا ہے ، امیر جماعت اسلامی نےکہا کہ ڈرون حملوں میں ہزاروں شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار نے اورایبٹ آبادواقعہ پر خاموشی اختیار نہ کی جاتی تو امریکہ آج میزائل حملوں کی منصوبہ بندی نہ کرتا۔